حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ریٹائرڈ افراد کی دوبارہ تقرری، غیر قانونی تارکین وطن کی شرح میں اضافے کا اہم سبب Home / باجوڑ /

ریٹائرڈ افراد کی دوبارہ تقرری، غیر قانونی تارکین وطن کی شرح میں اضافے کا اہم سبب

ایڈیٹر - 07/04/2026
ریٹائرڈ افراد کی دوبارہ تقرری، غیر قانونی تارکین وطن کی شرح میں اضافے کا اہم سبب

باجوڑ:سماجی کارکن شہاب الدین نے ملک میں ریٹائرڈ ملازمین کو دوبارہ سرکاری و نجی اداروں میں ملازمت دینے کے عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے نوجوانوں کے روزگار کے مواقع کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی جامعات سے فارغ التحصیل ہونے والے ہزاروں نوجوان ڈگریاں حاصل کرنے کے باوجود مناسب روزگار سے محروم ہیں، جس کے باعث وہ بیرونِ ملک جانے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بہتر مواقع کی تلاش میں غیر قانونی اور خطرناک راستے اختیار کرنے والے کئی نوجوان سمندری اور دشوار گزار زمینی راستوں میں اپنی جانوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

شہاب الدین کے مطابق اس صورتحال کی بنیادی وجہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کی کمی نہیں بلکہ ملک میں پالیسیوں اور قوانین کا غیر متوازن نظام ہے، جہاں ایک طرف ریٹائرڈ افراد کو دوبارہ ملازمتیں دی جا رہی ہیں اور دوسری جانب نئے گریجویٹس کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس اہم قومی مسئلے پر سنجیدگی سے غور کریں اور ریٹائرڈ افراد کی دوبارہ تقرری پر واضح اور مؤثر پابندی عائد کرنے کے لیے قانون سازی کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف نوجوانوں کو ان کا حق ملے گا بلکہ ملک میں بے روزگاری میں بھی کمی آئے گی۔

سماجی کارکن نے مزید زور دیا کہ قومی اسمبلی کے فورم پر اس معاملے کو اٹھایا جائے تاکہ ایک جامع اور دیرپا حل نکالا جا سکے، جو نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں مددگار ثابت ہو۔