حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مغربی ہواؤں کی یلغار، ملک بھر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی Home / ماحولیات /

مغربی ہواؤں کی یلغار، ملک بھر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

ایڈیٹر - 06/04/2026
مغربی ہواؤں کی یلغار، ملک بھر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

ملک کے مختلف حصوں میں موسم نے ایک بار پھر کروٹ لے لی ہے، جہاں مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بلوچستان  میں داخل ہو چکا ہے، جس کے اثرات کے تحت وادی کوئٹہ  اور اس کے نواحی علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ موسمی نظام 9 اپریل تک بالائی علاقوں میں برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔

پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد،  پنجاب،  سندھ ، بلوچستان، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور کشمیر  کے متعدد مقامات پر بارش کی توقع ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی موسم کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ کراچی،ٹھٹہ، بدین اور سجاول میں ہلکی سے درمیانی بارش کے ساتھ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ موسمی نظام درجہ حرارت میں کمی اور خوشگوار ماحول کا باعث بن سکتا ہے، تاہم شہریوں کو ممکنہ موسمی شدت، خاص طور پر ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔