باجوڑ: ضلع ہذا میں موجود پوست (کوکنار) کی فصل کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ/ضلعی پولیس کی جانب سے افیون تلفی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ آج پہلے روز بڑے پیمانے پر کوکنار کی فصل تلف کر دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ محمد خالد کی قیادت اور براہِ راست نگرانی میں ضلعی پولیس جوانوں نے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ پوست/کوکنار کی فصل کی تلفی کا عمل شروع کیا۔ اس سلسلے میں آج سرکل ڈی ایس پی خار عبدالعزیز اور ایس ایچ او تھانہ خار گلذادہ نے بھاری پولیس نفری کے ہمراہ سرکل خار میں کارروائی کرتے ہوئے مقامی افراد سے کامیاب مذاکرات کیے، جس کے نتیجے میں پوست/کوکنار کی ایک بڑی مقدار کو رضاکارانہ طور پر تلف کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر کاشت کی گئی ممنوعہ فصل کو تلف کیا گیا، جس سے منشیات کی ممکنہ پیداوار کو روکا گیا اور علاقے میں منشیات کے ناسور کے خاتمے کی جانب ایک اہم پیش رفت حاصل ہوئی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ محمد خالد نے کہا کہ منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوست/کوکنار کی کاشت نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ یہ معاشرے میں منشیات کے پھیلاؤ کا باعث بنتی ہے، جس کے سدباب کیلئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر مؤثر اقدامات جاری رکھیں گے۔ عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ منشیات کے خاتمے کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے علاقوں میں اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں کی نشاندہی کریں تاکہ ایک صحت مند اور منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔