کوئٹہ میں لک پاس کے قریب خودکش دھماکہ، بمبار ہدف تک پہنچنے سے پہلے پھٹ گیا
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں لک پاس کے قریب خودکش دھماکہ، بمبار ہدف تک پہنچنے سے پہلے پھٹ گیا۔
مستونگ میں لک پاس کے قریب بی این پی مینگل کے دھرنے کے قریب خودکش دھماکہ ہوا ہے، دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ لک پاس کے مقام پر سیکیورٹی ۔فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور کسی غیر متعلقہ شخص کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی
لیویز ذرائع کے مطابق حملہ آور نے بی این پی کے دھرنے میں جانے کی کوشش کی۔ محافظوں اور کارکنوں کے روکنے پر حملہ آور نے قریبی میدان میں خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ حملہ آور اپنے ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر آیا تھا۔ دھماکے کے بعد حملہ آور کا ساتھی فرار ہو گیا۔
یاد رہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل نے بلوچ یک جہتی کمیٹی کے کارکنان کی گرفتاری کے خلاف اور درج مقدمات کے خاتمے کے لیے وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا تھا۔ جمعہ کے روز بی این پی مینگل کی جانب سے لانگ مارچ کا آغاز کیا گیا جو خضدار، قلات، منگوچر، کھڈ کوچہ اور مستونگ سے ہوتے ہوئے لکپاس کے مقام تک پہنچ چکا ہے۔
بی این پی مینگل ضلع کوئٹہ کے صدر غلام نبی مری نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے لانگ مارچ کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ راستے میں کئی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں لیکن قافلہ رواں دواں رہا تاہم لکپاس کے مقام پر انتظامیہ نے کنٹینر لگا کر راستوں کو بند کر رکھا تھا۔ اس دوران انتظامیہ کی جانب سے پر امن لانگ مارچ پر شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 5 کارکنان زخمی ہوئے جبکہ 4 کارکنان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی لیکن ہم اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔