مولانا عبد الحق ثانی نے اپنا اور اپنے والد شہید مولانا حامد الحق کا چیک واپس کردیا۔
(اکوڑہ خٹک) کمشنر پشاور ریاض محسود نے جامعہ دارالعلوم حقانیہ کا دورہ کیا اور سانحہ جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں شہید اور زخمی ہونے والے شہداء اور زخمیوں کے لواحقین میں امدادی چیک تقسیم کیے اس موقع پر جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر اور شہید مولانا حامد الحق کے جانشین مولانا عبد الحق ثانی نے صوبائی حکام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مولانا حامد الحق حقانی شہید کیساتھ شہید ہونے والے افراد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مزدور پیشہ غریب افراد تھے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جامعہ حقانیہ آمد کے موقع پر ہم نے ان سے مطالبہ کیا تھا کہ شہداء کے لواحقین کو شہداء پیکج دیا جائے جس پر وزیر اعلیٰ نے فوری اقدامات کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین کو شہداء پیکج کی منظوری دی۔ مولانا عبد الحق ثانی نے اس موقع پر اپنے شہید والد مولانا حامد الحق حقانی شہید کا چیک اور زخمیوں کے کوٹہ میں ملنے والا اپنا چیک حکومت کو واپس کردیا اور درخواست کی کہ یہ چیک قومی خزانے میں واپس جمع کرادیے جائے اور مطالبہ کیا کہ اس سانحہ کی تفتیش کو مزید تیز کیا جائے اور جلد از جلد اس سانحہ کے زمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اس موقع پر جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا راشد الحق سمیع، مولانا اسامہ سمیع ، مولانا خزیمہ سمیع ، مولانا لقمان الحق کے علاؤہ ڈی سی نوشہرہ جناب عرفان صاحب اور ڈی پی او نوشہرہ عبد الرشید و دیگر صوبائی افسران موجود تھے۔