ملک کے مختلف حصوں میں مغربی ہواؤں کے اثرات داخل ہونے کے باعث موسم میں نمایاں تبدیلی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ 31 مارچ تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج سے مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ چند روز کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ اور نوشہرہ سمیت بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور مانسہرہ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح ایبٹ آباد، ہری پور، بالاکوٹ، خیبر، مہمند، باجوڑ، اورکزئی، کرم، کوہاٹ اور ہنگو میں بھی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی اضلاع بنوں، لکی مروت، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کا امکان موجود ہے۔
حکام کے مطابق صوبے کے پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔