لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ایک اہم میچ کے بعد تنازع کھڑا ہو گیا ہے جہاں لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان کو گیند کی حالت میں مبینہ تبدیلی کے الزام کا سامنا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کراچی کنگز کے خلاف میچ میں فخر زمان پر پلیئنگ کنڈیشنز کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بورڈ کے مطابق ان پر ضابطہ اخلاق کے تحت لیول تھری جرم لگایا گیا ہے، جو کہ ایک سنگین نوعیت کی خلاف ورزی تصور کی جاتی ہے اور اس کا تعلق گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ میچ ریفری روشن مہاناما کی سربراہی میں ہونے والی ابتدائی سماعت کے دوران فخر زمان نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کو مسترد کر دیا۔ مزید کارروائی کے لیے آئندہ 48 گھنٹوں میں ایک اور سماعت مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد حتمی فیصلہ سامنے آئے گا۔
دوسری جانب اسی میچ میں کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پی سی بی کے مطابق حسن علی نے ایک بیٹر کو آؤٹ کرنے کے بعد نامناسب انداز میں ردعمل ظاہر کیا، جس پر ان پر لیول ون کی خلاف ورزی عائد کی گئی۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ حسن علی نے اپنے رویے کو تسلیم کرتے ہوئے میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ قبول کر لیا ہے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق فخر زمان کے خلاف لگایا گیا الزام نہ صرف ان کے کیریئر بلکہ ٹیم کے لیے بھی اہم ثابت ہو سکتا ہے، اور آنے والی سماعت میں ہونے والا فیصلہ اس معاملے کی سمت کا تعین کرے گا۔