حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
حکومت نے پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لے لیا Home / پاکستان /

حکومت نے پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لے لیا

ایڈیٹر - 27/03/2025
حکومت نے پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لے لیا

دفتر خارجہ کے ترجمان نے میڈیا بریفنگ کے دوران پاکستانی صحافیوں کے دورۂ اسرائیل سے متعلق سوالات پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان نے پاکستانی صحافیوں کے اسرائیل جانے سے متعلق رپورٹس کا نوٹس لیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر واضح طور پر درج ہے کہ یہ ’’اسرائیل کے سفر‘‘ کے لیے کارآمد نہیں، لہٰذا، موجودہ قوانین کے تحت ایسا کوئی دورہ ممکن نہیں اور نہ ہی پاکستان کا اسرائیل کے حوالے سے کوئی مؤقف تبدیل ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق، بشمول 1967ء سے پہلے کی سرحدوں پر مشتمل ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق فلسطین کے مسئلے کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے