لاہور: پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز آج سے ہو رہا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں کرکٹ کے شائقین کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کا مقابلہ لیگ کی نئی شامل ہونے والی ٹیم حیدرآباد کنگز سے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہیں، جس کے باعث شائقین کو ایک سنسنی خیز مقابلے کی توقع ہے۔
اگرچہ کرکٹ کے مداح اس بڑے ایونٹ کے لیے بے حد پرجوش ہیں، تاہم اس بار اسٹیڈیمز میں تماشائیوں کی شرکت ممکن نہیں ہوگی۔ حکومتی فیصلے کے تحت خطے میں موجودہ کشیدہ صورتحال اور توانائی کے ممکنہ بحران کے پیش نظر میچز بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جائیں گے۔
شائقین کے لیے میچز دیکھنے کا واحد ذریعہ ٹیلی ویژن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز ہوں گے۔ پاکستان سپر لیگ کے تمام مقابلے جیو سوپر چینل کے ذریعے براہ راست نشر کیے جائیں گے، جبکہ ڈیجیٹل اسٹریمنگ کے لیے مائیکو ایپ دستیاب ہوگی۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ اسٹیڈیمز میں شائقین کی عدم موجودگی ماحول کو متاثر کر سکتی ہے، تاہم براڈکاسٹ اور آن لائن اسٹریمنگ کے ذریعے ناظرین کی بڑی تعداد اس ایونٹ سے لطف اندوز ہو سکے گی۔