حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
غیرقانونی پاکستانی تاریکین کے لیے بڑی خوشخبری، بڑےیورپی ملک میں قانونی حیثیت کا موقع Home / /

غیرقانونی پاکستانی تاریکین کے لیے بڑی خوشخبری، بڑےیورپی ملک میں قانونی حیثیت کا موقع

ایڈیٹر - 25/03/2026
غیرقانونی پاکستانی تاریکین  کے لیے بڑی خوشخبری،  بڑےیورپی ملک میں قانونی حیثیت کا موقع

وفاقی حکومت نے اسپین میں مقیم غیر قانونی پاکستانی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دلوانے کے لیے اہم پیش رفت کی ہے، جس کے تحت ہزاروں پاکستانی ایک نئی اسکیم سے مستفید ہو سکیں گے۔

اس حوالے سے ایک اہم اجلاس وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز سالک حسین کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا، جس میں اسپین میں پاکستانیوں کے لیے ریذیڈنٹ کارڈ کے حصول سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں مختلف سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، جبکہ اسپین میں تعینات پاکستانی سفارتی عملہ بھی آن لائن شریک ہوا۔

حکام کے مطابق اسپین کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس اسکیم سے دیگر ممالک کے شہریوں کے ساتھ ساتھ تقریباً 15 ہزار پاکستانی بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے رجسٹریشن کے آغاز سے قبل پاکستانی شہریوں کو پاسپورٹ اور دیگر ضروری دستاویزات تیز رفتار بنیادوں پر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ وہ بروقت اس عمل میں شامل ہو سکیں۔

وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے وزارت داخلہ کے اقدامات کو سراہا، جبکہ وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاسپورٹ کے اجرا کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ تاہم انہوں نے واضح ہدایت کی کہ کسی بھی جرائم پیشہ یا مطلوب فرد کو پاسپورٹ جاری نہ کیا جائے۔

مزید برآں، سفارتی مشنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ پاسپورٹ سیکشن میں اضافی عملہ تعینات کیا جائے تاکہ درخواستوں کی بروقت تکمیل ممکن ہو سکے۔ حکام کے مطابق پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کے اجرا کے عمل کو بھی مزید آسان اور تیز بنا دیا گیا ہے۔

اجلاس کے دوران اسپین میں تعینات پاکستانی سفیر اور قونصل جنرل نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف ادارے باہمی تعاون سے پاکستانی شہریوں کو درکار دستاویزات کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ اب تک پاکستانی سفارتخانے اور قونصل خانے کی جانب سے تقریباً 10 ہزار افراد کو اتھارٹی لیٹر جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ پاسپورٹ اور دیگر کاغذات کے اجرا کے عمل میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔