چارسدہ:سبزی منڈی میں ٹیکس وصولی کے معاملے پر ہونے والا تنازع مسلح تصادم میں تبدیل ہو گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک ٹی ایم اے اہلکار شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹی ایم اے ملازم اور چنگ چی ڈرائیورز کے درمیان ٹیکس کی ادائیگی پر تلخ کلامی ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے فائرنگ کے تبادلے میں بدل گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دو چنگ چی ڈرائیورز موقع پر جاں بحق ہو گئے، جن کی لاشیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دی گئیں۔
واقعے میں ٹی ایم اے کا ملازم، جس کی شناخت عمر کے نام سے ہوئی ہے، شدید زخمی ہوا۔ ریسکیو ٹیموں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کر دیا۔
پولیس نے واقعے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔