حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
خیبرپختونخوا کے 24 اسپتالوں میں ادویات کی خریداری میں 1.3 ارب روپے کی مبینہ بے ضابطگی، باجوڑ بھی شامل Home / پاکستان /

خیبرپختونخوا کے 24 اسپتالوں میں ادویات کی خریداری میں 1.3 ارب روپے کی مبینہ بے ضابطگی، باجوڑ بھی شامل

ایڈیٹر - 25/03/2026
خیبرپختونخوا کے 24 اسپتالوں میں ادویات کی خریداری میں 1.3 ارب روپے کی مبینہ بے ضابطگی، باجوڑ بھی شامل

پشاور میں خیبرپختونخوا کے 24 سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی خریداری کے دوران 1.3 ارب روپے کی مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد اسپتالوں کے ایم ایس کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے گئے ہیں۔

محکمہ صحت نے مالیاتی قواعد کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے اور ذمہ دار حکام سے فوری وضاحت طلب کی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہسپتالوں میں ادویات کی خریداری میں مالیاتی نظم و ضبط کو نظر انداز کیا گیا اور مقررہ طریقہ کار کے برعکس ادویات خریدی گئیں۔

انکشاف ہوا ہے کہ ادویات کی ادائیگیاں ڈرگ ٹیسٹنگ کلیئرنس کے بغیر کی گئیں اور اخراجات بھی مقررہ بجٹ سے زائد کیے گئے۔ کئی ہسپتالوں میں ادویات مہنگے داموں خریدی گئیں اور مقامی سطح پر خریداری میں بے ضابطگیوں کا بھی الزام ہے۔

رپورٹس کے مطابق بجٹ کا 80 فیصد بغیر کسی خاص طریقہ کار کے خرچ کیا گیا، گزشتہ سال کے بقایا جات موجودہ بجٹ سے ادا کیے گئے اور بیشتر اسپتالوں کے ادویات کے بجٹ وقت سے پہلے ختم ہو گئے۔ اس صورتحال کے باعث ہسپتالوں میں ادویات کی خریداری کا نظام ناکارہ قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ صحت نے کہا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔