دیر پائین: مورخہ 17 مارچ 2026 کو رات کے وقت منڈہ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ علاقے ٹنڈہ میں ایک نامعلوم نعش پڑی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کیے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتول کی شناخت عماد ولد فدا محمد کے نام سے ہوئی، جو ذہنی طور پر معذور تھا۔ نامعلوم افراد نے اسے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
اس واقعے کے حوالے سے مقتول کے والد کی مدعیت میں قتل کے دفعات کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ منڈہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ کی ہدایات پر ڈی پی او لوئر دیر فرقان بلال نے ڈی ایس پی جندول علیم خان کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جسے ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک سونپا گیا۔
ایس پی انویسٹی گیشن لوئر دیر رشید احمد کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ منڈہ محب اللہ خان، تفتیشی آفیسر عبدالرؤف خان، سے ایس آئی فیاض خان، اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے جدید سائنسی و تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کا آغاز کیا۔ مختلف پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا جبکہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مدد حاصل کی گئی۔
مسلسل محنت اور مؤثر حکمت عملی کے نتیجے میں پولیس ٹیم اصل ملزم تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔ ملزم کی شناخت محسن خان ولد شیر علی ساکن چارسدہ (حال میاں کلے منڈہ) کے طور پر ہوئی، جسے کامیاب چھاپہ زنی کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے مقتول سے چار لاکھ روپے لوٹنے کے دوران فائرنگ کرکے اسے قتل کیا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے آلہ قتل (پسٹل)، مسروقہ رقم چار لاکھ روپے اور واردات میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا ہے۔
مذکورہ کیس میں مزید تفتیش جاری ہے جبکہ ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔