حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
باجوڑمیں مقتول ابراہیم اندھے قتل کیس کا کامیاب ڈراپ سین، قاتل اپنا ہی ہمسایہ نکلا Home / باجوڑ /

باجوڑمیں مقتول ابراہیم اندھے قتل کیس کا کامیاب ڈراپ سین، قاتل اپنا ہی ہمسایہ نکلا

ایڈیٹر - 23/03/2026
   باجوڑمیں مقتول ابراہیم اندھے قتل کیس کا کامیاب ڈراپ سین، قاتل اپنا ہی ہمسایہ نکلا

باجوڑمیں مقتول ابراہیم اندھے قتل کیس کا کامیاب ڈراپ سین، قاتل اپنا ہی ہمسایہ نکلا، ملزم کا اعترافِ جرم۔ 

تھانہ خار پولیس اور ضلعی پولیس ٹیکنیکل ٹیم کی بڑی کامیابی۔ تھانہ خار کی تفتیشی ٹیم اور ضلعی پولیس کی ٹیکنیکل ٹیم نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقتول ابراہیم ولد محمد خان سکنہ توت شاہ تنگے کے اندھے قتل کیس کا معمہ حل کر لیا۔

 مقتول کو رواں ماہ کی 5 تاریخ کو بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔ابتدائی طور پر یہ کیس مکمل طور پر آن ٹریس تھا، تاہم پولیس ٹیم نے جدید سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے انتہائی قلیل وقت میں اس پیچیدہ اندھے قتل کو ٹریس کر لیا، جو کہ باجوڑ پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

واضح رہے کہ سفاک ملزم نے قتل کے بعد شواہد مٹانے کی غرض سے مقتول کی لاش پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی، جس سے کیس مزید پیچیدہ ہو گیا تھا۔واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ محمد خالد نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ایس پی انوسٹیگیشن باجوڑ نوید اقبال کی سربراہی میں ایک خصوصی انوسٹیگیشن ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم میں سرکل ڈی ایس پی خار عبدالعزیز، ایس ایچ او تھانہ خار گلذادہ، تفتیشی آفیسر اسلام الدین اور ضلعی پولیس ٹیکنیکل ٹیم کے انچارج شاہ زیب حسن شامل تھے۔ تشکیل شدہ ٹیم نے دن رات انتھک محنت، اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے مختلف پہلوؤں پر تفتیش کو آگے بڑھایا۔ ٹیکنیکل بنیادوں پر شواہد اکٹھے کیے گئے، مشتبہ افراد کی نگرانی کی گئی اور جدید ذرائع سے ڈیٹا کا تجزیہ کرتے ہوئے ملزم تک رسائی حاصل کی گئی۔دورانِ تفتیش یہ انکشاف ہوا کہ مقتول کے قتل میں اس کا اپنا ہمسایہ ملوث ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم مقتول کی منگیتر میں دلچسپی رکھتا تھا اور اسی مقصد کے حصول کیلئے اس نے یہ سنگین جرم کیا۔پولیس ٹیم نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، جس نے دورانِ تفتیش اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا۔ ملزم کی گرفتاری اور اعترافِ جرم کے بعد اندھے قتل کا یہ پیچیدہ کیس منطقی انجام تک پہنچا دیا گیا، جبکہ مقتول کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نے ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔