406 پی ایچ ڈیز ، 7161 معذور اور 4 ٹرانسجینڈر پرسنز بھی درخواستیں جمع کرانے والوں میں شامل ہیں
محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا میں مختلف کیڈرز کی 16,454 آسامیوں کیلئے 8,66,152 امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ ایجو کیشن ٹیسٹنگ اینڈ ایوالوایشن اتھارٹی (ایٹا) کو موصول ہونے والے درخواستوں میں خواتین امیدواروں کی تعداد 3,95,487 جبکہ مرد امیدواروں کی تعداد 4,70,661 ہے۔ 7.161 معذور افراد نے بھی ان آسامیوں کیلئے درخواستیں جمع کروائی ہیں جب کہ 4 ٹرانسجینڈر پر سنز نے بھی سی ٹی اور پی ایس ٹی کیڈر کی آسامیوں کیلئے درخواستیں دی ہیں۔ نئی آسامیوں کیلئے موصول شدہ درخواستوں میں 406 پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈر امیدوار بھی شامل ہیں، محکمہ تعلیم میں ان آسامیوں پر بھرتی کیلئے ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالے سے ایٹا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عادل سعید صافی نے کہا کہ ایٹا نے امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تین مراحل پر مشتمل طریقہ کار اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں سکریننگ ٹیسٹ ہوگا، دوسرے مرحلے میں کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ منعقد کیا جائے گا، جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں کوالٹی چیک کا عمل انجام پائے گا، جس میں امیدواروں کی اسناد اور شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔ ان کا مزید کہا کہ ایٹا امتحانات کا پہلا مرحلہ عید کے فورا بعد شروع ہوگا اور امکان ہے کہ عربی ٹیچر ہی ٹی آئی ٹی ٹیچر اور قاری کی آسامیوں کیلئے امتحانات اپریل کے دوسرے ہفتے میں منعقد کیے جائیں۔