باجوڑ۔ عوام الناس کی جان ومال کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ محمد خالد کی قیادت اور براہ راست نگرانی میں ضلع بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات جاری ہیں۔ پولیس جوان اہم شاہراہوں پر ناکہ بندیوں، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے، حساس مقامات اور اہم شخصیات کی سیکیورٹی پر مامور ہیں۔
ضلعی پولیس کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ ون ویلنگ، آتش بازی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے بھاری جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔
خصوصی طور پر سیاحتی مقام راغگان ڈیم پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جہاں مرتب کردہ ایس۔ او۔ پیز کے مطابق سیاحوں کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور رش کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ نے تمام پولیس افسران و جوانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے فرائض منصبی نہایت ذمہ داری، مستعدی اور خوش اخلاقی کے ساتھ سرانجام دیں اور عوام الناس کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں۔
باجوڑ پولیس عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کریں، دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے گریز کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوراً قریبی تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں تاکہ عید کے ایام کو پرامن اور خوشگوار بنایا جا سکے۔