باجوڑ: سیاحتی مقامات پر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ خوشی منائیں، انجوائے کریں لیکن احتیاط کے ساتھ۔ بصورت دیگر خلاف ورزی کی صورت میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائیگی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ محمد خالد کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عید کے دوران ضلع بھر میں امن و امان برقرار رکھنے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کیلئے جامع اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
نوجوان نسل کو خصوصی طور پر ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ون ویلنگ، تیز رفتاری، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے اور دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں سے مکمل اجتناب کریں۔ اس قسم کی حرکات نہ صرف اپنی جان کیلئے خطرہ ہیں بلکہ دیگر شہریوں کی زندگیوں کو بھی شدید خطرات سے دوچار کرتی ہیں۔ ون ویلنگ اور خطرناک اسٹنٹس معاشرے میں بے چینی، حادثات اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتے ہیں، لہٰذا اس کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
سیاحتی مقامات خصوصاً راغگان ڈیم سمیت دیگر تفریحی مقامات پر آنے والے سیاحوں سے گزارش ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے پانی کے قریب غیر ضروری خطرات سے گریز کریں، بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور مقررہ حدود کے اندر رہیں۔
عید کے پہلے روز بھی ضلع بھر کے تمام پولیس افسران فیلڈ میں موجود ہیں، جو سیکیورٹی، ٹریفک روانی اور عوام کی سہولت کو یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ اہم مقامات، بازاروں اور سیاحتی علاقوں میں گشت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
باجوڑ پولیس اپنے شہریوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا قانون شکنی برداشت نہیں کی جائے گی۔