انورزادہ گلیار
رمضان المبارک برکتوں، رحمتوں اور سخاوت کا مہینہ ہے، جس میں ہر صاحب استطاعت مسلمان مستحقین کی مدد کرتا ہے۔ اسی جذبے کے تحت پاکستان بیت المال ہر سال روزہ داروں کے لیے خصوصی اقدامات کرتا ہے۔ اس سال بھی پاکستان بیت المال کی جانب سے پہلے روزے سے ہی ملک بھر میں روزہ داروں کے لیے تیار لنچ باکس تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے تحت روزانہ لاکھوں افراد کو معیاری اور صحت بخش کھانے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ پورے پاکستان میں یومیہ پچاس لاکھ لنچ باکس تقسیم کیے جاتے ہیں، جو خاص طور پر ان افراد کے لیے تیار کیے جاتے ہیں جو روزہ کھولنے کے لیے گھروں تک نہیں پہنچ سکتے، جیسے مزدور، مسافر، رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیور، دکاندار اور دیگر ضرورت مند افراد۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال باجوڑ، عبدالباری شاہ کے مطابق، "اڑان پاکستان" پروگرام کے تحت چیئرمین پاکستان بیت المال شاہین خالد بٹ کی زیر نگرانی یہ فلاحی سرگرمی دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ ضلع باجوڑ میں بھی جاری ہے۔ یہاں روزانہ کی بنیاد پر پانچ سو لنچ باکس تقسیم کیے جا رہے ہیں، جن کی تقسیم کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ یہ لنچ باکس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال خار،چھوٹے بڑے بازاروں، مساجد اور شاہراہوں پر موجود روزہ داروں کو فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ وہ سہولت کے ساتھ روزہ افطار کر سکیں۔ بیت المال کی یہ کاوش خاص طور پر ان افراد کے لیے ایک نعمت ہے جو وسائل کی کمی یا مصروفیات کے باعث مناسب افطاری کا بندوبست نہیں کر پاتے۔
لنچ باکس میں روزہ داروں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے صحت بخش کھانے شامل کیے جاتے ہیں، جن میں کھجور، چاول، اور پکوڑے شامل ہوتے ہیں۔ یہ تمام اشیاء معیاری اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق تیار کی جاتی ہیں تاکہ روزہ داروں کو نہ صرف غذائیت ملے بلکہ ان کی صحت بھی متاثر نہ ہو۔
باجوڑ اور دیگر علاقوں میں اس اقدام کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ ایک بہترین فلاحی اقدام ہے، جو نہ صرف غریبوں بلکہ مسافروں اور محنت کشوں کے لیے بھی بہت مفید ثابت ہو رہا ہے۔ کئی افراد نے اس اقدام پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یہ سلسلہ رمضان کے بعد بھی جاری رکھا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو فائدہ پہنچ سکے۔
پاکستان بیت المال کی خدمات رمضان المبارک تک محدود نہیں بلکہ یہ ادارہ سال بھر مختلف فلاحی کاموں میں مصروف رہتا ہے۔ یتیم بچوں، بیواؤں، معذور افراد اور دیگر مستحقین کی مدد کے لیے مالی معاونت، تعلیمی وظائف، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی میں بھی یہ ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ رمضان المبارک میں لاکھوں روزہ داروں کو وقت پر معیاری کھانے کی فراہمی ایک عظیم کارنامہ ہے، جو عوام میں سخاوت، ہمدردی اور بھائی چارے کے جذبات کو فروغ دیتا ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا، اور مزید مستحق افراد اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔