باجوڑ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ محمد خالد کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں گداگری میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس سلسلے میں سرکل ڈی۔ایس۔پی اتمان سالارزئی جمال شاہ کی نگرانی میں ایس۔ایچ۔او تھانہ سالارزئی محمد اسلم خان نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے متعدد پیشہ ور گداگروں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے انہیں ضلع بدر کر دیا۔
واضح رہے کہ پیشہ ور گداگر نہ صرف شہریوں کو مختلف حیلوں بہانوں سے دھوکہ دیتے ہیں بلکہ یہ عناصر جرائم پیشہ سرگرمیوں کیلئے بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ بعض اوقات یہ افراد ریکی، بچوں کے استحصال اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی ملوث پائے جاتے ہیں، جس سے معاشرے میں بدامنی اور عدم تحفظ کا احساس بڑھتا ہے۔
ڈی پی او باجوڑ محمد خالد نے واضح کیا کہ گداگری کے نام پر شہریوں کو ہراساں کرنے اور پیشہ ورانہ بھیک مانگنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔