انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے باضابطہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق عالمی ایونٹ 15 اگست سے 30 اگست تک کھیلا جائے گا۔ اس بڑے ٹورنامنٹ میں دنیا بھر کی صفِ اول کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔
قومی ہاکی ٹیم اپنے سفر کا آغاز 15 اگست کو انگلینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی۔ یہ مقابلہ نیدرلینڈز کے شہر ایمسٹل وین میں واقع ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ 17 اگست کو ویلز کے خلاف اسی میدان میں کھیلے گی۔ یہ مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 3 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔
ایونٹ کا سب سے بڑا اور روایتی ٹاکرا پاکستان اور بھارت کے درمیان 19 اگست کو شیڈول ہے۔ یہ ہائی وولٹیج میچ بھی ویگنر ہاکی اسٹیڈیم ایمسٹل وین میں کھیلا جائے گا، جو پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا۔
ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں جدید سہولیات سے آراستہ میدانوں میں میچز منعقد کیے جائیں گے، جہاں شائقین کو سنسنی خیز اور معیاری کھیل دیکھنے کو ملے گا۔ ایونٹ کے اعلان کے بعد دنیا بھر خصوصاً ہاکی شائقین میں جوش و خروش میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔