ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ٹکٹس آن لائن فروخت کے لیے کل سے دستیاب ہوں گے۔ اس ایڈیشن میں پہلی بار 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور مجموعی طور پر 44 میچز منعقد کیے جائیں گے۔ میچز لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور پشاور میں کھیلے جائیں گے، جبکہ فیصل آباد اور پشاور میں پہلی بار پی ایس ایل کے میچز کا انعقاد ہوگا۔
ٹکٹوں کی قیمتیں مختلف شہروں کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔ لاہور اور کراچی میں جنرل ٹکٹ 250 روپے سے دستیاب ہوں گے، فیصل آباد میں 300 روپے سے جبکہ ملتان اور راولپنڈی میں 400 روپے سے شروع ہوں گے۔ ہر شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ 8 ٹکٹ خریدے جا سکتے ہیں۔ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں محدود تعداد میں ای ٹکٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں 28 مارچ کو پشاور زلمی اور پنڈیز کے میچ کے لیے فیملی انکلوژر مختص کیا گیا ہے، جہاں وی آئی پی فیملی زون ٹکٹ 2000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔ علاوہ ازیں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کارپوریٹ باکسز دستیاب ہوں گے جبکہ تمام اسٹیڈیمز میں مختلف گیلریز کے ٹکٹ بھی خریدے جا سکیں گے۔ فزیکل ٹکٹ 24 مارچ سے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گے۔
پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ ٹکٹوں کی قیمتیں کم رکھنے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شائقین سٹیڈیم میں آ کر میچز کا لطف اٹھا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام پی ایس ایل کے نئے دور کی شروعات ہے اور لیگ کو عوام کے مزید قریب لانے کا حصہ ہے۔