خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان المبارک کے مہینے میں مستحق خاندانوں کی مدد کے لیے ایک خصوصی رمضان پیکج متعارف کرایا ہے تاکہ کم آمدنی والے افراد کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اس سلسلے میں حکومت نے ایک باضابطہ آن لائن پورٹل بھی متعارف کرایا ہے جہاں شہری اپنے نام چیک کر سکتے ہیں کہ آیا وہ اس پیکیج کے اہل ہیں یا نہیں۔ صوبائی حکومت کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق مستحق افراد اپنی اہلیت چیک کرنے کے لیے ویب سائٹ https://dcpramadan.kp.gov.pk پر جاسکتے ہیں۔
اس پورٹل کو خاص طور پر اس مقصد کے لیے تیار کیا گیا ہے تاکہ عوام کو دفاتر کا چکر نہ لگانا پڑے اور وہ گھر بیٹھے چند آسان اقدامات کے ذریعے اپنی اہلیت کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں۔
شہری ویب سائٹ پر جا کر اپنا شناختی کارڈ نمبر ڈالتے ہیں جس کے بعد سسٹم انہیں فوری طور پر بتاتا ہے کہ ان کا نام رمضان پیکج کے لیے منتخب کیا گیا ہے یا نہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے آٹا، چینی، گھی اور دیگر ضروری اشیاء تک رسائی کو آسان بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ کم آمدنی والے افراد بھی رمضان المبارک میں اپنی بنیادی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کر سکیں۔
حکام کے مطابق اس پیکج کے لیے اہل افراد کا انتخاب مختلف سماجی و اقتصادی ڈیٹا کی بنیاد پر کیا گیا ہے تاکہ امداد حقیقی ضرورت مندوں تک پہنچ سکے۔
اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے آن لائن چیکنگ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے جس سے کسی بھی قسم کی غلطی یا ابہام کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معلومات کے لیے صرف سرکاری ویب سائٹ پر اعتماد کریں اور غیر تصدیق شدہ ذرائع پر یقین نہ کریں۔
حکومت نے عوام سے یہ بھی اپیل کی ہے کہ اگر انہیں کسی ایسے مستحق شخص کا علم ہو جس کا نام فہرست میں شامل نہیں ہے تو وہ متعلقہ حکام کو آگاہ کریں تاکہ ان کی بھی مدد کی جاسکے۔