پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی نے قومی فٹبال میں نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک منفرد روایت کا آغاز کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ فیڈریشن کے کانگریس اور ایگزیکٹو کمیٹی اجلاسوں میں شرکت کے عوض ملنے والے اپنے الاؤنسز ملک کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں تقسیم کریں گے۔
اس اقدام کا آغاز اس وقت کیا گیا جب سید محسن گیلانی نے 29 دسمبر 2025 کو ہونے والے کانگریس اجلاس کے لیے ملنے والا اپنا الاؤنس پاکستان مینز انڈر 20 ٹیم کے کھلاڑی محمد عبداللہ کے حوالے کیا۔ یہ اعزاز انہیں جناح اسٹیڈیم کے مختصر دورے کے دوران دیا گیا، جہاں قومی انڈر 20 ٹیم آئندہ ساف انڈر 20 چیمپئن شپ کی تیاری کر رہی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے ہیڈ کوچ شہزاد انور کی قیادت میں جاری تربیتی سیشن کا بھی جائزہ لیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ قومی ٹیم 21 مارچ کو چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے مالدیپ روانہ ہوگی، جہاں گروپ مرحلے میں پاکستان کا مقابلہ بھارت اور بنگلہ دیش سے ہوگا۔
نوجوان اسٹرائیکر محمد عبداللہ کو یہ اعزاز ساف انڈر 17 چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کے باعث دیا گیا۔ انہوں نے ایونٹ میں چھ گول کر کے ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کیا تھا اور ان کی نمایاں کارکردگی کی بدولت پاکستان سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔
اس موقع پر سید محسن گیلانی نے کہا کہ وہ خود کو صرف فیڈریشن کا صدر نہیں بلکہ تمام کھلاڑیوں کا نمائندہ سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق ہر کھلاڑی حوصلہ افزائی کا مستحق ہے اور فیڈریشن کی کوشش ہے کہ باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
دوسری جانب عبداللہ کے والد اور سابق پاکستانی انٹرنیشنل فٹبالر طاہر پرویز نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس نوعیت کی مثال کم ہی دیکھنے کو ملی ہے اور موجودہ کھلاڑی خوش قسمت ہیں کہ انہیں ایسی قیادت میسر ہے جو نوجوان ٹیلنٹ کی قدر کرتی ہے۔