پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
سرفراز احمد نے پاکستان کی جانب سے 54 ٹیسٹ، 117 ایک روزہ اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 6164 رنز بنائے اور وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد نے 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگ کیں۔ سرفراز احمد نے 100 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی قیادت کی۔ ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتی۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ پر پہنچ گئی۔
سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطحوں پر آئی سی سی ٹائٹل جیتے ہیں۔ حکومت پاکستان نے انہیں 2018 میں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا ہے، 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتنا میرے کیریئر کے یادگار لمحات ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ساتھی ساتھیوں، کوچز، اہل خانہ اور مداحوں کی حمایت کے لیے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ تینوں فارمیٹس میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے ایک خواب تھا، میں نے ہمیشہ بے خوف کرکٹ کھیلنے اور متحد ٹیم بنانے کی کوشش کی ہے۔
سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے میچ ونر کو ابھرتے دیکھنا میرے لیے باعث فخر ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعتماد اور سپورٹ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے گی اور میں کھیل کی ہر ممکن خدمت کرتا رہوں گا۔