ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان نے 12 مارچ 2026 کو گورنمنٹ پرائمری اسکول سول کالونی خار کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ بچوں کے اسکول میں داخلے کی مہم میں بھی حصہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو لازمی طور پر تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں اور انہیں اسکول بھیجیں تاکہ وہ مستقبل میں معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخل کر کے شرحِ خواندگی میں اضافہ کیا جائے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے طلبہ میں اسکول بیگز اور بکس بھی تقسیم کیے تاکہ بچوں کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ مزید شوق و جذبے کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔
بعد ازاں موسمِ بہار شجرکاری مہم کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے اسکول کے طلبہ کے ہمراہ پودے بھی لگائے اور بچوں کو ماحول کی حفاظت اور درختوں کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری نہ صرف ماحول کے تحفظ کے لیے ضروری ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک صحت مند ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لودان شاہد، باجوڑ ماڈل اسکول کے پرنسپل نذیر ملاخیل سمیت اساتذہ کرام بھی موجود تھے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تعلیمی فروغ اور شجرکاری مہم کے سلسلے میں اس نوعیت کی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔