پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سوپر لیگ کے سیزن 11 کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا جبکہ فائنل مقابلہ 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ لیگ کے اس ایڈیشن میں مجموعی طور پر 44 میچز شیڈول کیے گئے ہیں۔
شیڈول کے مطابق پی ایس ایل کے اس سیزن میں پہلی مرتبہ آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ دو نئی فرنچائزز حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی پنڈیز کو لیگ میں شامل کیا گیا ہے، جس کے بعد ٹیموں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے اور مقابلہ مزید دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔
ٹورنامنٹ کے میچز ملک کے چھ مختلف شہروں میں منعقد ہوں گے جن میں لاہور، کراچی، راولپنڈی، ملتان فیصل آباد اور پشاور شامل ہیں۔ اس ایڈیشن میں پہلی بار اقبال سٹیڈیم اورارباب نیاز سٹیڈیم (عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم) پی ایس ایل میچز کی میزبانی کریں گے۔
لیگ کا افتتاحی میچ 26 مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہر ٹیم لیگ مرحلے میں 10،10 میچز کھیلے گی جبکہ پلے آف مرحلہ 28 اپریل سے شروع ہوگا۔
شیڈول کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 11 میچز منعقد ہوں گے جن میں ایک کوالیفائر بھی شامل ہوگا، جبکہ قذافی سٹیڈیم میں مجموعی طور پر 15 میچز کھیلے جائیں گے۔
اسی طرح فیصل آباد میں پہلی مرتبہ پی ایس ایل کے 7 میچز ہوں گے، جبکہ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں 4 میچز کھیلے جائیں گے جن میں ملتان سلطان ایکشن میں نظر آئیں گی۔ مزید برآں نیشنل بینک سٹیڈیم میں 6 میچز شیڈول کیے گئے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے دوران مجموعی طور پر 12 ڈبل ہیڈرز بھی رکھے گئے ہیں، جس سے شائقین کرکٹ کو ایک ہی دن میں دو میچز دیکھنے کا موقع ملے گا۔
دوسری جانب ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے لیے میڈیا ایکریڈیٹیشن کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے، جس کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 13 مارچ مقرر کی گئی ہے۔