باجوڑ میں ضلعی انتظامیہ نے سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والے قصائیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق عوامی شکایات کے بعد ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر خار عامر اللہ خان وزیر نے سول کالونی خار کے سامنے واقع قصائیوں کی دکانوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران تین قصائی سرکاری طور پر جاری کردہ نرخنامے سے زیادہ قیمت وصول کرتے ہوئے پائے گئے۔
قانون کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تینوں قصائیوں کو گرفتار کر کے سب جیل خار منتقل کر دیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خار کا کہنا تھا کہ یہ اقدام سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنانے اور ناجائز منافع خوری کے سدباب کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے دیگر دکانداروں کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ وہ سرکاری نرخوں کی پابندی کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور بازاروں میں منصفانہ قیمتوں کو یقینی بنانے کے لیے اس نوعیت کی کارروائیاں آئندہ بھی بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ ناجائز منافع خوری کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔