حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
آخری گیند پر فیصلہ، خوشدل شاہ کا چھکا ، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ایبٹ آباد کی سنسنی خیز فتح، کراچی بلوز بھی کامیاب Home / کھیل /

آخری گیند پر فیصلہ، خوشدل شاہ کا چھکا ، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ایبٹ آباد کی سنسنی خیز فتح، کراچی بلوز بھی کامیاب

ایڈیٹر - 09/03/2026
آخری گیند پر فیصلہ، خوشدل شاہ کا چھکا ، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں ایبٹ آباد کی سنسنی خیز فتح، کراچی بلوز بھی کامیاب

نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوسرے روز کھیلے گئے میچز میں ایبٹ آباد اور کراچی بلوز نے شاندار فتوحات سمیٹ لیں، جہاں ایک مقابلہ آخری لمحے تک سنسنی خیز رہا۔ایبٹ آباد نے ملتان کے خلاف ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آخری گیند پر کامیابی حاصل کی۔ 204 رنز کے تعاقب میں ٹیم کو آخری بال پر سات رنز درکار تھے تاہم نو بال کے باعث سنگل لینے کے بعد خوشدل شاہ نے چھکا جڑ کر اپنی ٹیم کو یادگار فتح دلا دی۔ وہ 17 گیندوں پر 30 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ایبٹ آباد کی جیت میں کامران غلام  کی شاندار بیٹنگ کلیدی ثابت ہوئی جنہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 95 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں متعدد چوکے اور چھکے شامل تھے۔ انہوں نے خوشدل شاہ کے ساتھ اہم شراکت قائم کر کے ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچایا۔ اوپنر شاہ زیب خان نے بھی نصف سنچری اسکور کر کے ٹیم کی بنیاد مضبوط کی۔

اس سے قبل ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 203 رنز کا بڑا مجموعہ بنایا۔ ڈیبیو کرنے والے مہر سعید  نے 76 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ محمد شہزاد نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ ایبٹ آباد کی جانب سے شاداب خان نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسرے میچ میں کراچی بلوز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد سیالکوٹ کو 40 رنز سے شکست دی۔ کراچی بلوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 201 رنز بنائے جس میں پلیئر آف دی میچ عثمان خان  کی 81 رنز کی دھواں دار اننگز نمایاں رہی، جبکہ احسن علی نے نصف سنچری اسکور کی۔جواب میں سیالکوٹ کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں مشکلات کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔ کپتان اسامہ میر کی جارحانہ نصف سنچری کے باوجود ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی۔ کراچی بلوز کے باؤلرز میں خلیل احمد ، شاہنواز دھانی  اور محمد طہ ٰ نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کیا۔ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں پیر کو کراچی وائٹ کا مقابلہ بہاولپور سے جبکہ فیصل آباد اور لاہور کی ٹیمیں بھی آمنے سامنے ہوں گی۔