باجوڑ: ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان کی ہدایات پر محکمہ تعلیم کے حکام نے ضلع کے مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کا دورہ کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں اور حاضری کا جائزہ لیا۔اس سلسلے میں ڈی ڈی ای او لودان شاہد نے گورنمنٹ پرائمری اسکول خیرآباد، صادق آباد اورٹانگ خطا کا معائنہ کیا جہاں تدریسی اور غیر تدریسی عملے کے علاوہ طلبہ کی حاضری کو چیک کیا گیا۔ دورے کے دوران اسکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری تسلی بخش پائی گئی جبکہ تعلیمی ماحول کو بھی بہتر قرار دیا گیا۔
معائنے کے موقع پر طلبہ نے بہار 2026 شجرکاری مہم کے تحت اسکولوں میں مختلف اقسام کے پودے بھی لگائے۔ اس سرگرمی کا مقصد ماحول کے تحفظ اور عوام میں شجرکاری کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ ضلع باجوڑ کے شہری زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی طرف راغب ہوں۔اس موقع پر اسکولوں میں نئے بچوں کے داخلے بھی کیے گئے، جس کے تحت گورنمنٹ پرائمری اسکول خیرآباد اور صادق آباد میں متعدد نئے طلبہ کو داخلہ دیا گیا۔ محکمہ تعلیم کے حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی اداروں میں بہتری اور بچوں کی زیادہ سے زیادہ انرولمنٹ کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔