حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ضلعی انتظامیہ باجوڑ کی ہدایت پر موسم بہار پلانٹیشن ڈرائیو 2026 کا آغاز، تعلیمی اداروں کو بھرپور تیاری کا حکم Home / /

ضلعی انتظامیہ باجوڑ کی ہدایت پر موسم بہار پلانٹیشن ڈرائیو 2026 کا آغاز، تعلیمی اداروں کو بھرپور تیاری کا حکم

ایڈیٹر - 04/03/2026
ضلعی  انتظامیہ باجوڑ کی ہدایت پر موسم بہار پلانٹیشن ڈرائیو 2026 کا آغاز، تعلیمی اداروں کو بھرپور تیاری کا حکم

ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر موسم بہار شجر کاری مہم 2026 کو کامیاب بنانے کے لیے تمام سرکاری تعلیمی اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر شاہد علی خان کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر کے تمام پرنسپلز، ہیڈ ماسٹرز، انچارجز اور ہیڈ ٹیچرز (بوائز و گرلز) کو اپنے اپنے اسکولوں میں شجرکاری مہم کے لیے ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام سرکاری ہائی اسکولز، مڈل اور پرائمری اسکولز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے اداروں کی دستیاب جگہ پر زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں، تاکہ سرسبز اور صاف ماحول کے فروغ میں کردار ادا کیا جا سکے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے کہ شجرکاری مہم کو مؤثر بنانے کے لیے طلبہ اور عوام میں شعور اجاگر کیا جائے۔ اس سلسلے میں اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طلبہ کو اپنے گھروں اور اردگرد کے علاقوں میں پودے لگانے کی ترغیب دیں۔

ڈپٹی ڈی ای او باجوڑ لودان شاہد کے مطابق اس مہم کا مقصد نہ صرف اسکولوں کو سرسبز بنانا ہے بلکہ نئی نسل میں ماحولیاتی تحفظ کا شعور پیدا کرنا بھی ہے۔ اس اقدام سے فضائی آلودگی میں کمی اور صحت مند ماحول کے فروغ میں مدد ملے گی۔
انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ تمام تعلیمی ادارے اس قومی مہم میں بھرپور حصہ لیتے ہوئے اسے کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔