قومی ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ مینز ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے تیسرے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریا کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے دی۔
یہ میچ یکم سے 7 مارچ تک جاری کوالیفائر راؤنڈ کے دوران کھیلا گیا، جس میں پاکستان نیشنل فیلڈ ہاکی ٹیم نے مسلسل فتوحات کے ساتھ اپنی برتری برقرار رکھی۔
پاکستان کی جانب سے ابوبکر محمود نے دو شاندار گول اسکور کیے، جبکہ افراز محمد اور سفیان خان نے ایک ایک گول کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب آسٹریا کی ٹیم کی طرف سے کیلنر اور اسکوولز نے ایک ایک گول اسکور کیا، تاہم وہ پاکستانی دفاع اور حملہ آور حکمت عملی کے سامنے بے بس نظر آئے۔
اس کامیابی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی، ایڈھاک گورننس اینڈ منیجمنٹ کے چیئرمین اولمپین اصلاح الدین صدیقی، اولمپین حسن سردار اور چیف سلیکٹر سمیع اللہ خان نے قومی ٹیم کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے ٹیم کے حوصلے، نظم و ضبط اور کھیل کے معیار کو سراہتے ہوئے سیمی فائنل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ قومی ٹیم آئندہ مرحلے میں بھی کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھے گی۔
اس فتح کے بعد پاکستان نے کوالیفائر راؤنڈ میں ناقابلِ شکست کارکردگی کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ شائقینِ ہاکی کو امید ہے کہ قومی ٹیم اسی جذبے اور اعتماد کے ساتھ اگلے مقابلے میں بھی میدان مارے گی۔