حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مذاکرات میں پیشرفت کے با وجود ایران پر حملہ کیا گیا اسحاق ڈار Home / /

مذاکرات میں پیشرفت کے با وجود ایران پر حملہ کیا گیا اسحاق ڈار

ایڈیٹر - 04/03/2026
مذاکرات میں پیشرفت کے با وجود ایران پر حملہ کیا گیا اسحاق ڈار

اسلام آباد (این این آئی) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہ بنانے پر متفق ہو گیا تھا، جو ہری مذاکرات میں مثبت پیشرفت کے باوجود ایران پر حملہ کیا گیا، ایران پر حملہ ہوا تو پاکستان نے کھل کر اس کی مذمت کی، بڑے پر امید تھے کہ ایران مذاکرات مثبت جا رہے ہیں ، ڈپلومیسی ہی مسئلے کا حل ہے ڈائیلاگ کے ذریعے افہام و تفہیم کا معاملہ نکل آئے گا۔ منگل کو سینیٹ کے اجلاس میں خطے کی بگڑتی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کوششوں کے بارے میں ایرانی قیادت بخوبی آگاہ ہے، جب پاکستان کے پاس سلامتی کونسل کی صدارت تھی اس وقت بھی ہم نے امریکا اور ایران کے مسئلے پر کئی مباحثے کروائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایران کو پُر امن ایٹمی پروگرام جاری رکھنے کی بات منوائی اور ہم امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ثالثی کیلئے تیار تھے۔ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا عمل کامیابی سے چل رہا تھا جس میں عمان ثالث کا کردار ادا کر رہا تھا، بڑے پر امید تھے کہ ایران مذاکرات مثبت جا رہے ہیں، اسی دوران ایران پر گزشتہ سال جون کی طرح کا حملہ ہو گیا ، انہوں نے کہا کہ ایران پر حالیہ حملے کے بعد پاکستان نے بیک ڈور میں رہ کر معاملہ سلجھانے کی کوشش کی ہے، گزشتہ 3 دنوں میں کئی ممالک سے پاکستان رابطہ کر چکا ہے، کوشش کی جارہی ہے کہ کسی طریقے ڈپلومیسی کو مذاکرات پر لایا جائے ، ڈائیلاگ کے ذریعے افہام و تفہیم کا معاملہ نکل آئے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ عمان کے وزیر خارجہ سے رات گئے میری بات ہوئی ، اسحاق ڈار نے بتایا کہ تفتان زاہدان بارڈر آپریشنل ہیں اور 792 پاکستانیوں کو نکال لیا گیا، سڑکیں کھلی ہیں، جبکہ ایئر اسپیس بند ہے، اس وقت پاکستان میں اپوزیشن اور حکومت کی پوزیشن یکساں ہے اور ( آج) بدھ کو تمام ممالک کے سفیروں کو دفتر خارجہ میں ایران اور افغانستان کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی ، دریں اثناء نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون پیراموف سے موجودہ علاقائی صورتحال پر ٹیلی فون پر بات چیت کی ۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطی میں امن اور استحکام کی اہمیت پر زور دیا اور ابھرتی ہوئی صورتحال پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔