خار: ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایات پر تحصیلدار ناواگئی عالم زیب نے فوڈ انسپکٹر قیصر خان کے ہمراہ صبح سویرے فروٹ و سبزی منڈی خار کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران سبزیوں اور پھلوں کی بولی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور نیلامی کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے موقع پر نگرانی کی گئی۔ حکام نے آڑھتیوں اور دکانداروں کو سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کی تلقین کی۔
انتظامیہ کی جانب سے اسی موقع پر روزانہ کی بنیاد پر سرکاری نرخ نامہ ترتیب دے کر جاری کیا گیا، تاکہ شہریوں کو اشیائے خورونوش مقررہ قیمتوں پر دستیاب ہوں اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ قیمتوں پر کنٹرول اور عوامی ریلیف کے لیے ایسے دورے تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔