کولمبو: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں سری لنکا کے خلاف فیصلہ کن مقابلے سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کو تشویشناک صورتحال کا سامنا ہے، جہاں قومی اسکواڈ کے فاسٹ بولر سلمان مرزا کی شرکت غیر یقینی ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سلمان مرزا کو پریکٹس سیشن کے دوران گھٹنے میں تکلیف محسوس ہوئی، جس کے باعث وہ معاونت کے ساتھ میدان سے باہر چلے گئے اور بعد ازاں ٹریننگ میں واپسی نہ کر سکے۔ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے ان کی فٹنس کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم حتمی فیصلہ میچ سے قبل متوقع ہے۔
ان کی ممکنہ عدم دستیابی کی صورت میں نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نسیم شاہ نے نیٹ پریکٹس کے دوران خواجہ نافع اور عثمان طارق کے ہمراہ علیحدہ سیشن میں بھرپور تیاری کی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان یہ اہم مقابلہ شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔ قومی ٹیم کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے سری لنکا کو کم از کم 65 رنز سے شکست دینا ہوگی یا ہدف 13 اوورز کے اندر حاصل کرنا ہوگا، جو میچ کو مزید سنسنی خیز بنا رہا ہے۔