حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
شناختی کارڈ عیاشی نہیں بنیادی ضرورت ہے شناختی کارڈ بلاک نہیں کیا جا سکتا۔سپریم کورٹ Home / لائف سٹائل /

شناختی کارڈ عیاشی نہیں بنیادی ضرورت ہے شناختی کارڈ بلاک نہیں کیا جا سکتا۔سپریم کورٹ

ایڈیٹر - 22/02/2026
شناختی کارڈ عیاشی نہیں بنیادی ضرورت ہے شناختی کارڈ بلاک نہیں کیا جا سکتا۔سپریم کورٹ

اسلام آباد ۔ سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کروانے کے لیے شناختی کارڈ بلاک کرنے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے حکم کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

جسٹس منیب اختر نے 3 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ شناختی کارڈ کوئی لگژری نہیں بلکہ عام زندگی گزارنے کیلئے بنیادی ضرورت ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کیا عدالتیں کل کو رقم کی واپسی کے لیے بھی بھلی اور پانی کے کنکشن کاٹنے کا حکم دیں گی ؟ فیصلے میں کہا گیا کہ کسی شہری کو شناختی کارڈ سے محروم کرنا زندگی کا بنیادی حق چھیننے کے مترادف ہے۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ضابطہ دیوانی کے سیکشن 51 کے تحت شناختی کارڈ بلاک کرنے کی کوئی گنجائش موجود نہیں ۔ پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے سی پی سی میں کی گئی ترمیم کا اطلاق صوبہ سندھ پر نہیں ہوتا۔

عدالت نے واضح کیا کہ قانون میں صریح حکم کے بغیر کوئی بھی عدالت کسی شہری کا شناختی کارڈ بلاک نہیں کر سکتی۔

فیصلے کے مطابق 2016 میں ٹرائل کورٹ نے درخواست گزار کے خلاف رقم کی ادائیگی کی ڈگری جاری کی تھی۔ رقم کی عدم ادائیگی پر ٹرائل کورٹ نے درخواست گزار کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیا تھا ، جسے سندھ ہائی کورٹ نے برقرار رکھا تھا، تاہم سپریم کورٹ نے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ درخواست گزار کیخلاف پراپرٹی کیس میں ڈگری جاری کی گئی تھی اور درخواست گزار کو طے کردہ رقم جمع کروانے کی ہدایت کی گئی تھی۔