وفاقی دارالحکومت کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ریڈ زون میں مبینہ ہنگامہ آرائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کی، عدالت نے رکن قومی اسمبلی شفقت اعوان اور رکن قومی اسمبلی عمر اسلم کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور کرلی۔ اسی طرح ایم پی اے رفعت شاہ، سرفراز ڈوگر، ملک اسد اور طیب رشید کی بھی ضمانت منظور کر لی گئی۔ عدالت نے تمام ملزمان کو دس دس ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے پر رہا کرنے کی منظوری دے دی۔ مقدمے میں نامزد افراد کے خلاف دہشت گردی اور اقدام قتل سمیت 11 مختلف دفعات کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان پر ہنگامہ آرائی، پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، اسلحہ چھیننے کی کوشش، دھمکیاں دینے اور سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچا کر علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے کا الزام ہے۔