کراچی: شارع نور جہاں پولیس کے اہلکاروں کو قلندریہ چوک کے قریب ٹھیلے سے مفت میں خربوزہ لینا اور ٹھیلے والے کو مغلظات اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا مہنگا پڑ گیا۔☆
ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شارع نور جہاں تھانے کی پولیس موبائل میں سوار چاروں اہلکاروں کو معطل کر کے محکمہ جاتی کارروائی کا حکم جاری کر دیا۔☆
شہری کی جانب سے موبائل فون سے بنائی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شارع نور جہاں تھانے کی پولیس موبائل میں سوار اہلکار خربوزے کا ٹھیلا لگانے والے کو مغلظات ، سنگین نتائج کی دھمکیاں اور اس کے ٹھیلے سے ترازو اٹھا کر لیجاتے ہوئے دکھائی اور سنائی دیا۔☆
ویڈیو میں ٹھیلے والے کے ہمراہ اس کی کمسن بیٹی بھی ٹھیلے پر بیٹھی ہوئی دکھائی دی اس دوران ٹھیلے والے نے پولیس اہلکار سے کہا کہ اگر مفت میں خربوزہ اٹھانا ہے تو مجھے سے پوچھو تو سہی جس پر پولیس اہلکار آگ بگولہ ہو جاتا ہے اور بولتا ہے کہ اپنے گھر کے لیے لے رہا ہوں، اس دوران موقع پر موجود افراد نے بیچ بچاؤ کی کوششیں کی تاہم پولیس اہلکار موقع سے چلے گئے۔