آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا میچ، پاک بھارت میچ آج کھیلا جائے گا۔
روایتی حریفوں کے ٹکراؤ کی الٹی گنتی شروع ہوگئی، میچ آج پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔
آج کولمبو میں بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں مہارت کے استعمال اور اعصاب اور صلاحیتوں کا امتحان سامنے آئے گا۔ بھارتی ٹیم کے پاس بیٹنگ کا ہتھیار ہے جبکہ پاکستانی شاہین بولنگ سے اسٹرائیک کریں گے۔
گرین شرٹس نے بڑے تصادم سے قبل فیلڈنگ، باؤلنگ اور بیٹنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔
عثمان طارق کے منفرد بولنگ ایکشن سے بھارتی بلے باز پریشان ہیں۔ پاکستان کے خلاف میچ سے قبل کولمبو میں نیٹ سیشن کے دوران بھارتی بلے بازوں نے بولرز کے سامنے عثمان طارق کے بولنگ ایکشن کی پریکٹس کی۔
روایتی حریفوں کے درمیان ہونے والے اس ہائی وولٹیج میچ کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں اور کولمبو میں ہونے والے بڑے میچ کے لیے بڑی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
کولمبو میں غیر متوقع موسم پاک بھارت تصادم کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سری لنکا کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خلیج بنگال میں کم دباؤ کا نظام بن رہا ہے جس کے باعث اتوار کی شام پاک بھارت میچ میں بارش کا امکان ہے۔