پریس کانفرنس میں ضلعی رہنما لقمان شاہ، ضلعی راہنما عبدالسلام خان، حضرت جبیب، عبدالروف سمیت آئی ایس ایف کے کالج صدور نے شرکت کی۔
باجوڑ : انصاف اسٹوڈنٹ فیڈریشن باجوڑ کے قائدین اور کارکنان نے باجوڑ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی قید تنہائی اور ان کی صحت کے حوالے سے خدشات پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مبینہ طور پر قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جو آئینی اور قانونی تقاضوں کے منافی ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ انہیں آنکھوں کی بیماری لاحق ہوچکی ہے اور بینائی متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں، مگر انہیں مناسب طبی سہولیات اور ماہر ڈاکٹر تک رسائی فراہم نہیں کی جا رہی۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں دیگر قیدیوں کو قانونی اور ملاقات کی سہولیات حاصل ہیں، تاہم عمران خان کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے۔ مقررین نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان نے ملک میں فلاحی منصوبوں اور عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے خلاف آواز بلند کرنے جیسے اقدامات کیے، اس لیے ان کے ساتھ روا رکھا جانے والا سلوک افسوسناک ہے۔
آئی ایس ایف رہنماؤں نے کہا کہ وہ پرامن اور آئینی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں اور کسی غیر قانونی اقدام کا حصہ نہیں بنے۔ ان کے مطابق کارکنان کے خلاف درج مقدمات اور کارروائیاں سیاسی انتقام پر مبنی ہیں۔
انہوں نے ریاستی اداروں سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری طور پر طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں وکلاء، اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔ پارٹی قیادت سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ واضح حکمت عملی کا اعلان کرے تاکہ کارکنان میں پائی جانے والی بے چینی اور ابہام کا خاتمہ ہو سکے۔
پریس کانفرنس کے دوران ملک میں جمہوری نظام کے استحکام، آئین کی بالادستی، معاشی بہتری اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ مقررین نے عندیہ دیا کہ اگر اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی گئی تو کارکنان بھرپور شرکت کریں گے۔