حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی ایس ایل 11 کی نیلامی میں کروڑوں کی برسات — کون بنا سب سے مہنگا کھلاڑی؟ مکمل فہرست سامنے آگئی Home / کھیل /

پی ایس ایل 11 کی نیلامی میں کروڑوں کی برسات — کون بنا سب سے مہنگا کھلاڑی؟ مکمل فہرست سامنے آگئی

ایڈیٹر - 12/02/2026
پی ایس ایل 11 کی نیلامی میں کروڑوں کی برسات — کون بنا سب سے مہنگا کھلاڑی؟ مکمل فہرست سامنے آگئی

لاہور :پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کی پلیئرز نیلامی تقریب لاہور میں منعقد ہوئی جہاں فرنچائزز نے اپنے اسکواڈز کو مضبوط بنانے کے لیے کھلاڑیوں پر خطیر رقوم خرچ کیں۔ ڈرافٹ کے دوران کئی قومی اور بین الاقوامی اسٹارز مہنگی بولیوں کے ساتھ مختلف ٹیموں کا حصہ بنے۔

سب سے زیادہ قیمت پانے والے کھلاڑی فاسٹ باؤلر نسیم شاہ رہے، جنہیں نئی فرنچائز راولپنڈی نے 86.5 ملین روپے میں حاصل کیا۔ اس طرح وہ پی ایس ایل 11 کے مہنگے ترین کھلاڑی قرار پائے۔

آل راؤنڈر فہیم اشرف 85 ملین روپے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ بنے، جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بھی اتنی ہی مالیت کے ساتھ راولپنڈی کی ٹیم میں شامل ہوئے۔

لاہور قلندرز نے قومی اوپنر فخر زمان کو 79.5 ملین روپے میں برقرار رکھا، جبکہ کراچی کنگز نے آسٹریلوی بیٹر ڈیوڈ وارنر کو 79 ملین روپے میں اپنے اسکواڈ میں شامل کیا۔

فاسٹ باؤلر حارث رؤف ایک بار پھر لاہور قلندرز کا حصہ بن گئے، جنہیں 76 ملین روپے میں خریدا گیا۔ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا 58.5 ملین روپے کے عوض کراچی کنگز میں شامل ہوئے۔

سیالکوٹ سٹالینز نے جارح مزاج بیٹر صاحبزادہ فرحان کو 57 ملین روپے میں منتخب کیا، جبکہ لیگ اسپنر اسامہ میر کو لاہور قلندرز نے 35 ملین روپے میں اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا۔

پی ایس ایل 11 کی اس نیلامی نے واضح کر دیا کہ فرنچائزز تجربہ کار اور میچ ونر کھلاڑیوں پر بھرپور اعتماد کر رہی ہیں۔ اب نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ یہ مہنگے ترین ستارے میدان میں کس حد تک اپنی قیمت کا حق ادا کرتے ہیں اور اپنی ٹیموں کو ٹائٹل کی دوڑ میں کہاں تک لے جاتے ہیں۔