سوات کے مختلف علاقوں میں عوامی شکایات اور معاشرے میں بڑھتی ہوئی گداگری کی روک تھام کے لیے سوات پولیس نے خواتین گداگروں اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ ایس ایچ او وومن پولیس سٹیشن کی قیادت میں پولیس ٹیم نے مینگورہ سٹی کے مختلف علاقوں میں موبائل گشت اور دیگر کارروائیوں کے دوران متعدد خواتین اور بچوں سمیت گداگروں کو گرفتار کیا۔
ترجمان سوات پولیس معین فیاض کے مطابق یہ خواتین گداگری کے روپ میں عوام کو لوٹنے کے لیے مشہور تھیں۔ گرفتار ہونے والی خواتین گداگروں میں مقامی اور غیر مقامی دونوں شامل ہیں۔ ان کے خلاف وومن پولیس سٹیشن میں گداگری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گداگری کے کاروبار کو ختم کرنے اور معاشرتی نظم و ضبط کو بحال کرنے کے لیے یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی.