حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی سی بی کا ’فیوچر اسٹارز‘ پروگرام، نوجوان کرکٹرز کے لیے قومی سطح پر بڑا موقع Home / کھیل /

پی سی بی کا ’فیوچر اسٹارز‘ پروگرام، نوجوان کرکٹرز کے لیے قومی سطح پر بڑا موقع

ایڈیٹر - 31/01/2026
پی سی بی کا ’فیوچر اسٹارز‘ پروگرام، نوجوان کرکٹرز کے لیے قومی سطح پر بڑا موقع

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک بھر کے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو آگے لانے کے لیے ’فیوچر اسٹارز ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام‘ کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے، جو 11 فروری سے شروع ہو گا۔ اس پروگرام کے تحت نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق، اس پروگرام کے تحت یکم مئی تک مختلف شہروں میں اوپن ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر بڑے اور چھوٹے شہر شامل ہوں گے۔ یہ ٹرائلز مجموعی طور پر 15 شہروں میں منعقد کیے جائیں گے۔
سلیکشن کے عمل کی نگرانی سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور تجربہ کار ریجنل کوچز پر مشتمل پینل کرے گا، جو نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لے گا۔ اس دوران تقریباً 350 باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، قومی ٹیم کے سابق کھلاڑی عاقب جاوید، مصباح الحق اور عبدالرزاق ٹرائلز میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پرکھنے میں مرکزی کردار ادا کریں گے۔ ہر ریجن سے زیادہ سے زیادہ 24 نمایاں کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جائے گا۔
منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو چار ہفتوں پر مشتمل خصوصی تربیتی کیمپ میں جدید کوچنگ فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد ان کی تکنیکی اور جسمانی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانا ہے۔
اس کے علاوہ، ٹرائلز کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے بہترین بیٹسمین، فاسٹ بولر اور اسپنر کو نقد انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت منتخب نوجوانوں کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کیمپس میں شرکت کا موقع دیا جائے گا، جبکہ انہیں سال بھر ریجنل اکیڈمیز میں اسکل ڈیولپمنٹ پروگرامز کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔
حکام کے مطابق، یہ پروگرام مستقبل میں ان کھلاڑیوں کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ تک رسائی کی راہ ہموار کرے گا اور قومی کرکٹ کے لیے نئے ستارے سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔