پشاور ۔ کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے جعلی شادی کرا کر رقم ہڑپ کر نیوالے گروہ کوگرفتار کرلیا جبکہ پنجاب کے رہائشی کیساتھ نکاح کرنیوالی تین گھنٹوں کی دلہن کی فرار کی کوشش بھی ناکام بنادی گئی گرفتار ملزموں نے پورے نیٹ ورک کی نشاندہی کرادی جن کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے
پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ روز پہاڑی پورہ پولیس کو اطلاع ملی کہ گل آباد میں جعلی شادیاں کرانیوالا گر وہ موجود ہے جس پر ڈی ایس پی فقیر آباد اعجاز نبی کی نگرانی میں ایس ایچ او پہاڑی پورہ علی ادرش مجمر کی سر براہی میں قائم خصوصی ٹیم نے فوری کاروائی کرتے ہوئے خاتون اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا،
جبکہ موقع پر موجود پنجاب کے رہائشی محمد زبیر نے پولیس کو بتایا کہ مذکورہ خاتون لیلیٰ اس کی بیوی ہے جس کیسا تھ چند گھنٹے قبل نکاح ہوا اور محمد احمد نے نکاح کرایا جس کے عوض 2لاکھ 27 ہزار روپے بھی لئے گئے
پولیس کے مطابق خاتون اور اس کے ساتھی سے پوچھ کچھ کی گئی تو انہوں نے تمام حقائق سے پردہ چاک کر دیا اور یوں ثابت ہوا کہ گروہ جعلی شادیاں کر کے نوسر بازی کے ذریعے سادہ لوح لوگوں کو لوٹتے ہیں جس پر مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔