پاکستان انڈر 19 ٹیم آج سپر سکس مرحلے میں اپنا اہم مقابلہ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی، جبکہ نوجوان شاہینوں کا اگلا بڑا امتحان یکم فروری کو روایتی حریف بھارت کے سامنے ہوگا۔ سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان کو نہ صرف سپر سکس کے دونوں میچز میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی بلکہ بہتر رن ریٹ بھی یقینی بنانا ہوگا۔
ابتدائی مرحلے کے اختتام پر پاکستان ٹیم دو میچز کھیل کر دو پوائنٹس کے ساتھ سپر سکس مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی، تاہم بھارت اور انگلینڈ اپنی دونوں فتوحات کے باعث چار، چار پوائنٹس کے ساتھ بہتر پوزیشن میں موجود ہیں۔ دونوں ٹیموں کا نیٹ رن ریٹ بھی پاکستان کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر ہے، جس کے باعث پاکستان پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کے تمام میچز شائقین کرکٹ کے لیے جیو سوپر اور ڈیجیٹل اسٹریمنگ پلیٹ فارم مائیکو پر براہ راست دکھائے جا رہے ہیں، جہاں مداح نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔