ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان
ایک اور مغربی موسمی نظام ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگیا جس کے باعث برف باری اور بارش شروع ہوگئی۔
چمن شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ وادی کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں ہلکی برفباری ہوئی ہے جب کہ زیارت اور قلات میں بھی برف باری ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے منگل تک ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، مری اور گلیات میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ لاہور اور ملتان سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔