باجوڑ میں مادری زبانوں کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ مادری زبانوں کی تحریک باجوڑ کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں ضلع باجوڑ کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) نے مادری زبان کو بطور لازمی مضمون پڑھانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
مادری زبانوں کی تحریک خیبرپختونخوا نے اس اقدام پر ڈی ای او باجوڑ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ سال 2026 کے اسکیم آف اسٹڈیز میں مادری زبان کے لیے جماعت نہم و دہم کے امتحانی پرچے باقاعدہ طور پر تیار کیے جائیں۔
تحریک کی جانب سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ پی ایس آر اے (PSRA) تمام نجی تعلیمی اداروں کو مادری زبان بطور لازمی مضمون نافذ کرنے کے لیے جلد از جلد دوبارہ نوٹیفکیشن جاری کرے۔
اس موقع پر مادری زبانوں کی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر نجیب اللہ شاداب نے باجوڑ کے ضلعی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر انور نگار، مئین باجوڑی اور اسحاق اتمانخیل کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا، جن کی انتھک محنت کے باعث یہ کامیابی ممکن ہوئی۔