اسلام آباد (اوصاف نیوز) محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے حوالے سے اہم پیش گوئی جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک نیا موسمی نظام پاکستان میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں سرد اور خشک موسم برقرار رہے گا، تاہم نارووال، سیالکوٹ اور جہلم میں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے اضلاع ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، کوہستان، دیر اور سوات میں بعض مقامات پر تیز بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ گلگت بلتستان کے چند علاقوں میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔