خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں اتوار کی رات سے موسلادھار بارش اور مزید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخوا نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 سے 27 جنوری تک مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ متوقع ہے جس کے تحت چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ بالائی علاقوں میں چند مقامات پر شدید برفباری اور درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے جب کہ ہری پور، پشاور، مردان، نوشہرہ اور کوہاٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس دوران ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کا خطرہ ہے اور بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا بھی خطرہ ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔