50 ویں نیشنل اسنوکر چیمپئن شپ کا فائنل محمد آصف اور رانا عرفان کے درمیان نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا گیا۔ فائنل میں دو سنچری بریک لگانے کے باوجود رانا عرفان ناکام رہے۔
11فریم پر مشتمل فائنل کافی دلچسپ وسنسنی خیز رہا، پنجاب سے تعلق رکھنے والے رانا عرفان نے دوسرے فریم میں 112 اور ساتویں فریم میں 141کا بریک کھیلا جو کہ چیمپئن شپ کا سب سے بڑا بریک تھا لیکن اس کے باوجود وہ کامیابی حاصل نہ کرسکے۔ محمد اصف نے چیمپئن شپ میں 8 سنچری بریک کھیلے اور پانچویں بار نیشنل چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
چیمپئن شپ کے اختتامی تقریب میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے، نیشنل بینک کے صدر رحمت حسنی، پی بی ایس اے کے صدر عبدالقادر میمن اور عالمگیر شیخ نے16 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے۔
تین مرتبہ کے عالمی چیمپئن ایشین ٹائٹل اور سارک چیمپئن شپ کا اعزاز جیتنے والے پاکستان کے محمدآصف کے مطا بق انہوں نے ملک کیلئے بے شمار اعزازات جیتے لیکن انہیں تاحال اعلان کردہ پوری انعامی رقم بھی نہیں ملی اور نہ ہی اتنے ٹائٹل جیتنے پر کما حقہ سراہا گیا۔۔