تھائی لینڈ میں جاری SAFF فٹسال چیمپئن شپ کے مردوں کے مقابلوں میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں بھوٹان کو شکست دے کر بین الاقوامی فٹسال میں پہلی جیت درج کی۔
بنکاک انڈور اسٹیڈیم میں پاکستان نے بھوٹان کے خلاف 2-4 سے جیت کے لیے 0-2 کے خسارے سے واپسی کی۔
بھوٹان کو ابتدائی لمحات میں ہی داوا شیرنگ نے یکے بعد دیگرے 2 گول کر کے برتری دلائی تھی لیکن پھر پاکستان نے جوابی وار کیا۔
28ویں منٹ میں حسن ظفر نے گول کر کے خسارہ کم کیا اور پھر 32ویں منٹ میں آصف احمد چوہدری نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔
عدنان اشفاق نے 34ویں اور 35ویں منٹ میں گول کر کے پاکستان کو 2-4 کی برتری دلا دی۔
فٹسال میں یہ پاکستان کی پہلی فتح ہے۔ پاکستان کو ایونٹ کے پہلے میچ میں مالدیپ نے 1-7 سے شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان ویمن ٹیم نے گزشتہ روز بھی سری لنکا کو شکست دے کر فتح حاصل کی تھی۔ پاکستانی ٹیم ٹیبل ایونٹ میں اپنا اگلا میچ 18 جنوری کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔